اسمبلی کا بجٹ اجلاس 22 ستمبر تک جاری رہے گا

   

اتوار کو بھی کارروائی ، بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس میں فیصلہ

حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا بجٹ سیشن 22 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کی صدارت میں منعقدہ بزنس اڈوائزری کمیٹی (بی ایس سی) کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ اسمبلی میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور کونسل میں وزیر فینانس ہریش راؤ کی جانب سے بجٹ کی پیشکشی کے بعد بی ایس سی کا اجلاس منعقد ہوا۔ 14 تا 22 ستمبر بجٹ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اتوار کے دن بھی اجلاس منعقد ہوگا۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی 24 ستمبر کو بیرونی دورہ پر روانہ ہورہے ہیں ۔ لہذا اکتوبر کے وسط میں اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے نیا ریونیو بل پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بھٹی وکرمارکا کی تجویز کے مطابق دہلی کی طرح حیدرآباد میں بھی کانسٹی ٹیوشنل کلب قائم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ آئندہ سال بجٹ سیشن 21 دنوں تک جاری رہے گا، اس بارے میں چیف منسٹر کے سی آر نے اجلاس کو واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل پر مباحث کیلئے تیار ہے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر امور مقننہ ایم پرشانت ریڈی نے بتایا کہ 14 اور 15 ستمبر کو بجٹ پر مباحث ہوں گے ۔ قانون ساز کونسل میں 14 ستمبر کو بجٹ پر مباحث ہوں گے جبکہ 15 ستمبر کو حکومت کی جانب سے مباحث کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 10 ستمبر کو قانون ساز کو تعطیل رہے گی ، لہذا 11 ستمبر کو صدرنشین کونسل کے انتخاب کی کارروائی کی جائے گی۔ 12 اور 13 ستمبر کو تعطیلات رہیں گی جبکہ 14 ستمبر کو بجٹ پر مباحث اور 15 ستمبر کو حکومت کا جواب ہوگا۔ وزیر امور مقننہ نے کہا کہ کونسل کا اجلاس بھی 14 تا 22 ستمبر منعقد ہوگا۔