اسمبلی کا سہ روزہ سیشن منعقد کرنے پر حکومت کا غور

   

Ferty9 Clinic

27 یا 28 ڈسمبر سے انعقاد کا امکان ۔ کابینی اجلاس میں ہوگا فیصلہ
حیدرآباد۔20۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ مختصر مدتی اسمبلی سیشن کے انعقاد کا جلد ہی فیصلہ کرے گی اور 27 یا28 ڈسمبر سے سہ روزہ اسمبلی سیشن کے انعقاد کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ بتایا گیا کہ حکومت 22 ڈسمبر کو غیررسمی کابینہ اجلاس پر غور کر رہی ہے تاکہ اسمبلی سیشن کے انعقاد کو قطعیت دی جاسکے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کابینی اجلاس میں کابینی رفقاء سے تبادلہ خیال کے بعد اسمبلی سیشن اور اجلاس میں بلوں کی منظوری پر مشاورت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ اسمبلی سیشن میں جملہ 7بلوں کی منظوری کا منصوبہ ہے ۔اسمبلی اجلاس میں جن بلوں کی منظوری کا منصوبہ ہے ان میں جی ایچ ایم سی ایکٹ میں ترامیم ‘ بلدی نظم و نسق ایکٹ میں ترمیم ‘ کنٹراکٹ اور پارٹ ٹائم ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے بل کی منظوری ‘ تلنگانہ جی ایس ٹی بل میں ترامیم ‘ کے علاوہ خانگی جامعات سے متعلق قوانین میں ترمیم ‘ کی حکمت عملی تیار کی جار ہی ہے اور کہا گیا کہ ان ترامیم سے قبل ایوان میں ان امور پر مختصر مباحث کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اسمبلی سیشن میں 42 فیصد بی سی تحفظات اور ادارہ جات مقامی کے انتخابات پر بھی مباحث کی توقع ہے۔ حکومت سے اسمبلی سیشن کے دوران کو آپریٹیو سوسائیٹیز کے قیام کے اقدامات پر مباحث کی توقع ہے۔ تلنگانہ میں اقتدار کی تبدیلی کے فوری بعد حکومت نے 9ڈسمبر2023 کو اسمبلی اجلاس منعقد کیا تھا اور 2025میں بھی 9 ڈسمبر سے اجلاس کا آغاز کیاگیا تھا لیکن جاریہ سال ادارہ جات مقامی کے انتخابات و رائزنگ تلنگانہ گلوبل سمٹ کی وجہ سے 9ڈسمبر سے اسمبلی کا اجلاس منعقد نہیں کیا جاسکا لیکن اب کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام سے قبل ہی اسمبلی سیشن کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ان اہم بلوں پر تبادلہ خیال اور مباحث کے علاوہ ان کی منظوری عمل میں لائی جاسکے۔3