اقامتی اسکولوں کی کارکردگی بہتر بنانے کا جائزہ
حیدرآباد۔یکم اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی اقلیتی بہبود کمیٹی کا اجلاس صدرنشین ٹی لکشمی کانت راؤ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اسمبلی کے کمیٹی ہال میں منعقدہ اجلاس میں ارکان اکبر الدین اویسی ، ریاض الحسن آفندی اور بی لکشما ریڈی کے علاوہ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں دیگر ارکان کی غیر حاضری کے نتیجہ میں ایجنڈہ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال نہیں ہوسکا اور بہت جلد دوبارہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اقلیتی اقامتی اسکولوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا ۔ اقامتی اسکولوں میں طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند ماحول فراہم کرنے کی ارکان نے سفارش کی۔ اکبر اویسی نے اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کی بہتر نگہداشت کیلئے مینٹننس اسٹاف ، صحت و صفائی کیلئے خانگی ادارے سلبھ سے اشتراک کی تجویز پیش کی۔ اجلاس میں سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اقامتی اسکولوں میں جملہ نشستیں 1.30 لاکھ ہیں جن میں 75 فیصد نشستیں اقلیتوں کیلئے مختص ہیں جبکہ 25 فیصد پر غیر اقلیتی طلبہ کے داخلوںکی گنجائش ہے۔ اکبر اویسی نے بی سی ، ایس سی اور ایس ٹی اقامتی اسکولوں میں داخلوں کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی۔اقامتی اسکول سوسائٹی و اسکولوں سے متعلق تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ کمیٹی کے صدرنشین لکشمی کانت راؤ نے کہا کہ اقلیتوں کے مسائل پر کمیٹی حکومت سے سفارشات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے بعض مسائل کا تعلق وزارت داخلہ سے ہے ، لہذا آئندہ اجلاس میں ہوم ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔1/k