اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل جدید

   

ای راجندر کو شامل نہیں کیا گیا، بی جے پی اور تلگودیشم ارکان بھی شمولیت سے محروم
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے بزنس اڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) کی تشکیل جدید عمل میں لائی ہے۔ کمیٹی میں ڈپٹی اسپیکر ٹی پدمارائو کو خصوصی مدعو کے طور پر شامل کیا گیا۔ پوچارم سرینواس ریڈی کی صدارت میں اس کمیٹی میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو، ریاستی وزراء پرشانت ریڈی، ٹی ہریش رائو، ایس نرنجن ریڈی، کے ایشور، جی کملاکر، ٹی آر ایس ارکان اسمبلی ڈی ونئے بھاسکر، جی سنیتا، فلور لیڈر مجلس اکبر اویسی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کو شامل کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسمبلی کے ویب سائٹ پر اعلامیہ جاری کیا گیا۔ ٹی آر ایس کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے بعد بی اے سی میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئی کمیٹی میں ریاستی وزراء ای راجندر اور دیاکر رائو کو شامل نہیں کیا گیا۔ ان کے علاوہ ارکان اسمبلی راج گوپال ریڈی، وینکٹ ویریا اور راجہ سنگھ کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ تلگودیشم کے این ناگیشور رائو اور بی جے پی کے راجہ سنگھ کو بی اے سی میں شامل نہ کیئے جانے پر اسمبلی حلقوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ اسمبلی ریکارڈ کے مطابق ناگیشور رائو اور راجہ سنگھ الترتیب تلگودیشم اور بی جے پی کے ارکان کی حیثیت سے شامل ہیں لیکن اسپیکر نے انہیں بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں شامل نہیں کیا۔ عام طور پر اسمبلی کی روایت رہی کہ اسمبلی کا ایجنڈا طے کرنے والی اس کمیٹی میں ہر پارٹی کو نمائندگی دی جائے۔