اسمبلی کی پانچ نشستوں کے ضمنی انتخابات ‘بی جے پی کو صرف ایک نشست

   

نیلامبور سیٹ پر کانگریس کی جیت‘عام آدمی پارٹی نے 2اور ٹی ایم سی نے ایک سیٹ جیتی
نئی دہلی ۔23؍جون(ایجنسیز) پنجاب، گجرات، مغربی بنگال اور کیرالہ کی 5 اسمبلی سیٹوں پر 19 جون کوضمنی انتخابات کرائے گئے تھے۔ آج ووٹوں کی گنتی ہوئی اور سبھی سیٹوں کے نتائج برآمد ہو گئے ہیں۔ عآپ کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اس نے پنجاب کی لدھیانہ ویسٹ اسمبلی سیٹ پر جیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ گجرات کی وساودَر اسمبلی سیٹ کو بھی جیت لیا ہے۔ بی جے پی کیلئے انتخابی نتائج بہت خوش کن نہیں رہے کیونکہ اس نے پانچوں اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن جیت محض گجرات کی کڈی اسمبلی سیٹ پر ملی ہے۔ کانگریس کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ اس نے طویل عرصہ بعد کیرالا کی نیلامبور سیٹ پر کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔کیرالا کی نیلامبور اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار آریہ دان شوکت کو 11 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی ملی ہے۔ کیرالا کی اس سیٹ کو جیتنے کیلئے کانگریس نے کافی محنت کی تھی اور اس کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے۔ پرینکا گاندھی کی انتخابی تشہیر نے بھی اپنا اثر دکھایا اور نیلامبور سیٹ پر طویل عرصہ بعد کانگریس کو جیت نصیب ہوئی۔ آریہ دان شوکت کو 77737 ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ سی پی آئی (ایم) امیدوار ایم. سواراج کو 66660 ووٹ ملے۔ پنجاب کی لدھیانہ ویسٹ اسمبلی سیٹ پر عام آدمی پارٹے کے امیدوار سنجیو اروڑا شروع میں کانگریس امیدوار بھارت بھوشن آشو سے پیچھے چل رہے تھے لیکن جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی آگے بڑھی، سنجیو نے سبقت بنا لی۔ انھوں نے کانگریس امیدوار کو 10637 ووٹوں سے شکست دی۔ بی جے پی امیدوار جیون گپتا اس سیٹ پر 20323 ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے، جبکہ شرومنی اکالی دل امیدوار کو چوتھا مقام حاصل ہوا۔گجرات کی 2 اسمبلی سیٹوں وساودَر اور کڈی میں انتخابات کرائے گئے تھے جن میں سے وساودَر میں عآپ اور کڈی (ریزرو) میں بی جے پی کو کامیابی ملی ہے۔ وساودَر میں عآپ امیدوار گوپال اٹالیا نے تقریباً 76 ہزار ووٹ حاصل کر کے بی جے پی امیدوار کریت پٹیل کو تقریباً 17.5 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ کانگریس امیدوار نتن رنپریا تقریباً 5.5 ہزار ووٹ حاصل کرکے تیسرے مقام پر رہے۔ کڈی سیٹ پر بی جے پی امیدوار راجندر کمار چاؤڈا نے تقریباً ایک لاکھ ووٹ حاصل کرکے کانگریس امیدوار رمیش بھائی چاؤڈا کو تقریباً 40 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ عآپ امیدوار جگدیش بھائی چاؤڈا نے محض 3090 ووٹ حاصل کیے۔مغربی بنگال کی کالی گنج سیٹ پر ترنمول کانگریس کا دبدبہ برقرار رہا۔ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر اپنا دَم دکھاتے ہوئے کالی گنج سیٹ پر جیت حاصل کر لی ہے۔ ترنمول کانگریس کے الیفہ احمد نے 50 ہزار سے زائد ووٹوں سے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار آششیش گھوش کو شکست فاش دی۔ کانگریس امیدوار کابل الدین شیخ نے اس سیٹ پر تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔