اسمبلی کی 119 نشستوں کیلئے 4798 پرچہ جات نامزدگی داخل

   

گجویل سے 145 اور کاماریڈی سے92 امیدوار ، نارائن پیٹ میں صرف 13 امیدوار
حیدرآباد۔/12 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے 119 اسمبلی حلقہ جات سے مقابلہ کیلئے 4798 امیدواروں نے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے آخری دن نصف سے زائد پرچہ جات داخل کئے گئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 3 نومبر تک 5716 پرچہ جات نامزدگی کے سیٹ داخل کئے گئے ان میں سے اکثریت آزاد امیدواروں کی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق آخری دن 2324 امیدواروں نے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ انہوں نے جملہ 2768 سیٹ داخل کئے۔ پرچہ جات نامزدگی کی جانچ 13 نومبر کو کی جائے گی اور 15 نومبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ سب سے زیادہ 145 نامزدگیاں گجویل اسمبلی حلقہ سے داخل کی گئیں جہاں سے بی آر ایس کے سربراہ اور چیف منسٹر کے سی آر مسلسل تیسری مرتبہ مقابلہ کررہے ہیں۔ گجویل جو سدی پیٹ ضلع میں چیف منسٹر کا آبائی مقام ہے وہاں سے بی جے پی نے سابق وزیر ایٹالہ راجندر کو امیدوار بنایا ہے۔ راجندر 2021 میں حضورآباد اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر ضمنی چناؤ میں منتخب ہوئے تھے۔ وہ حضورآباد کے علاوہ گجویل سے مقابلہ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر گجویل کے علاوہ کاماریڈی اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں جہاں جملہ 92 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ کاماریڈی میں چیف منسٹر کا مقابلہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ہوگا جو کوڑنگل کے علاوہ کاماریڈی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ میڑچل اسمبلی حلقہ سے 116 پرچہ نامزدگی داخل کئے گئے جہاں وزیر لیبر ملاریڈی مقابلہ کررہے ہیں۔ نارائن پیٹ ضلع محبوب نگر سے صرف 13 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ وائیرا ایس ٹی اور مکتھل نشستوں سے فی کس 19 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ کاماریڈی میں آخری دن 37 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ بی آر ایس تمام 119 اور کانگریس 118 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے۔ کتہ گوڑم نشست کانگریس نے سی پی آئی کو الاٹ کی ہے جہاں سے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ مقابلہ کررہے ہیں۔ بی جے پی نے 111 اسمبلی حلقہ جات سے امیدواروں کا اعلان کیا ہے جبکہ باقی نشستیں جنا سینا کو الاٹ کی گئیں۔ مجلس 9 اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کررہی ہے۔ ریاست میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 32618205 ہے جن میں مرد رائے دہندے 16298418 جبکہ خاتون رائے دہندے 16301705 ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب خاتون رائے دہندوں کی تعداد مَردوں سے زیادہ ہے۔ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے خصوصی مہم چلائی ہے۔ 18 سے 19 سال عمر کے رائے دہندوں کی تعداد 999667 ہے۔ الیکشن کمیشن نے معذورین اور سرویس ووٹرس کیلئے پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کی ہے۔
تلنگانہ میں خشک موسم کا اندازہ
حیدرآباد، 12 نومبر (یو این آئی) تلنگانہ میں آئندہ سات دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کا اندازہ ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔محکمہ کی جانب سے جاری کردہ یومیہ موسم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات عادل آباد میں سب سے کم درجہ حرارت 17.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا ۔