اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر مارشلس نے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو روک لیا

   

زمین پر بیٹھ کر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کا احتجاج ، جمہوریت کا قتل کرنے کا حکومت پر الزام عائد
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے قائد اپوزیشن کے سی آر کے خلاف چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے کئے گئے غیر پارلیمانی الفاظ کے خلاف اسمبلی سے واک آوٹ کرنے کے بعد میڈیا پوائنٹ پہونچکر احتجاج درج کرانے کی کوشش کی تاہم مارشلس نے اس کی اجازت نہیں دی جس پر اسمبلی کے احاطے میں زمین پر بیٹھ کر احتجاج کیا اور چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ کیا یہ عوامی حکومت ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ایک طرف پرگتی بھون کے خاردار دیوار کو منہدم کر کے عوام کو دروازے کھول دینے کا دعویٰ کررہے ہیں تو دوسری طرف اسمبلی میں بی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں کو میڈیا سے خطاب کرنے سے روکتے ہوئے جمہوری اقدار کا قتل کیا ہے اور حق کی آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے ۔ چیف مارشل نے بطور احتجاج اسمبلی سے واک آوٹ کرنے والے ارکان اسمبلی کو میڈیا پوائنٹ جانے سے روکنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب ایوان کی کارروائی جاری رہتی ہے تو اس وقت پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں رہتی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ماضی میں ایسی کوئی روایت نہیں ہے ۔ کانگریس حکومت نئی روایت پیش کررہی ہے ۔ چیف منسٹر ، قائد اپوزیشن کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کررہے ہیں اور یہ اسمبلی کے ریکارڈ میں شامل بھی ہورہا ہے ۔ ہم اس پر احتجاج درج کرانا چاہتے تھے تاہم اسپیکر نے ہمیں بات کرنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا ہے ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں مگر پارلیمانی روایت اس طرح کی بات کرنے کی اجازت نہیں دیتی ۔ ہمارے صبر کو کانگریس حکومت کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کرے ۔۔ 2