اسمتھ سری لنکا میں بہتر نتائج کیلئے پرعزم

   

نئی دہلی۔ تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ میچزکی سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کرنے کا موقع ملنے پر وہ کافی پرسکون محسوس کررہے ہیں، یاد رہے کہ مستقل کپتان پیٹ کمنز اس سیریز سے غیر حاضر ہوں گے جس کے بعد اسمتھ کو قیادت دی گئی ہے ۔ اسمتھ کو سری لنکا کے دو ٹسٹ میچز کے دورے کے لیے کپتان مقررکیاگیا ہے، کیونکہ کمنز اپنی دوسری اولاد کی پیدائش اور حالیہ ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے یہ دورہ نہیں کر سکیں گے۔ اسمتھ نے سڈنی مارننگ ہیرالڈ سے بات کرتے ہوئے کہا جب بھی مجھے پیٹی (کمنز) کی غیر موجودگی میں قیادت کا موقع ملتا ہے تو یہ بہت مزے کا ہوتا ہے۔ میں اب بھی چیزیں اپنے طریقے سے کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ یہاں وہاں کچھ مواقع ملنا شاندار رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا یہ ایک شاندار دورہ ہوگا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں اسپن اور برصغیرکے بارے میں اچھا سمجھتا ہوں۔ میں شاید اب کافی پرسکون ہوں۔ میں آرام دہ ہوں اور بس اس لمحے کا لطف اٹھاؤں گا۔ اسمتھ کو2018 کے سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل میں اپنے کردارکی وجہ سے دو سال کی قیادت پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔35 سالہ اسمتھ نے پابندی کے خاتمے کے بعد اپنی ٹیم کی چار بار قیادت کی ہے، جن میں 2021 میں ایڈیلیڈ میں انگلینڈ کے خلاف، 2022 میں پرتھ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اور 2023 میں ہندوستان میں دو ٹسٹ میچز شامل ہیں۔ اسمتھ نے 2016 میں سری لنکا کے دورے کے دوران آسٹریلیا کی قیادت کی تھی، جو 3-0 کی تباہ کن سیریز شکست پر ختم ہوا تھا۔ سری لنکا کی اسپن دوست حالات کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسمتھ نے کہا یہ مشکل پچز ہو سکتی ہیں۔ وہ وہاں کافی اچھا کھیلتے ہیں، خاص طور پر جب پچزکافی زیادہ اسپن دوست ہوں۔ بیٹرس کے لیے مختلف طریقے اپنانا ضروری ہے… وہ طریقے جو انہیں اسکور کرنے اور وکٹ پر رکنے میں مدد دے سکیں۔ یہ آسٹریلیا میں اسپن کے خلاف کھیلنے سے بالکل مختلف ہے۔ جو بھی طریقہ ہو پہلی ہی گیند سے اس پر بھروسہ کریں۔ اسمتھ 10,000 رنز کے کلب میں شامل ہونے کے ایک بڑے سنگ میل کی طرف دیکھ رہے ہیں، جسے وہ بارڈر۔گواسکر ٹرافی کے سڈنی ٹسٹ میں صرف ایک رن کی کمی سے مکمل نہ کرسکے۔ اسمتھ نے کہا، ایک رن… اس وقت یہ تھوڑا تکلیف دہ تھا۔ انہوں نے کہا یہ میرے گھر کے میدان پر اپنے دوستوں اور خاندان کے سامنے مکمل کرنا اچھا ہوتا، لیکن امید ہے کہ میں گال میں سب سے پہلے یہ کارنامہ انجام دوں گا۔ شاید میں نے اس پر میچ کے دوران زیادہ دھیان دے دیا تھا۔ یہ ایک شاندار سنگ میل ہے۔