اسکولس ، جونیر کالجس اور ڈگری کالجس طلبہ کے لیے نقد انعامات حاصل کرنے کا بہترین موقع
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : قوم و ملت کو ترقی و خوشحالی کی سمت گامزن کرنا آج کی بڑی ضرورت ہے ۔ خاص طور پر نادار طلباء وطالبات کی مدد کرکے انہیں آگے بڑھانے کا کوئی کام کرتا ہے تو سمجھئے کہ اس نے بہت بڑا کام کیا ہے ۔ ایسے ہی بڑے کاموں میں اسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس مصروف ہے ۔ اپنے قیام کے 15 برسوں میں اے ایم پی نے ہزاروں طلباء وطالبات اور ضرورت مندوں کی مدد کی اور یہ مدد کراوڈ فنڈنگ کے ذریعہ کی گئی ۔ اے ایم پی کے ریاستی صدر محمد عبدالسعید اور اے ایم پی حیدرآباد چیاپٹر صدر سید محمد عامر کے مطابق اسوسی ایشن کی جانب سے ملک کا سب سے بڑا نیشنل ٹیلنٹ سرچ امتحان منعقد کیا جا رہا ہے ۔ یہ امتحان 13 نومبر ، 20 نومبر اور 27 نومبر کو بالترتیب اسکول و مدارس کے طلباء وطالبات (آٹھویں ، نویں اور 10 دسویں جماعت کے طلبہ ) ، جونیر کالج کے طلباء وطالبات اور ڈگری کالج کے طلباء وطالبات کیلئے آن لائن ٹسٹس ہوں گے ۔ تمام زمروں اسکولس ، جونیر کالجس اور ڈگری کالجس کے ٹیلنٹ سرچ امتحانات میں پہلا مقام حاصل کرنے والوں کو تیس ، تیس ہزار روپئے ، انعام دوم 20 بیس ہزار روپئے اور تیسرا انعام دس دس ہزار روپئے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے ۔ محمد عبدالسعید اور سید محمد عامر نے بتایا کہ چوتھے مقام سے 10 واں مقام حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو فی کس 2000 روپئے نقد انعام دئیے جائیں گے جبکہ 11 ویں مقام سے 50 واں مقام حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں فی کس ہزار روپئے نقد انعام دئیے جائیں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ نیشنل ٹیلنٹ سرچ کیلئے چند گھنٹوں میں 60 ہزار طلباء وطالبات نے نام درج کروائیں ہیں جن میں غیر مسلم طلباء وطالبات کی کثیر تعداد بھی شامل ہے ۔ طلبہ Ampworld نامی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اس کے ذریعہ نہ صرف اپنے نام درج کرواسکتے ہیں بلکہ تعلیمی اسکالر شپس متعلق اہم معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔ اے ایم پی کے ریاستی اور حیدرآباد کے صدور نے مزید بتایا کہ NTS ( نیشنل ٹیلنٹ سرچ ) کے ذریعہ منتخب 2000 طلباء وطالبات کو NEET اور JEE کی مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی ۔۔