اسٹار ہوٹل کی پارٹی میں منشیات کا استعمال

   

نشہ کرنے والے افراد گرفتار۔ بی جے پی لیڈر کا بیٹا بھی شامل
حیدرآباد 26فبروری ( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے اسٹار ہوٹل پر دھاوا کرکے منشیات استعمال کرنے والوں کو بے نقاب کردیا اور بی جے پی لیڈر کے بیٹے کے بشمول دیگر افراد کو گرفتار کرلیا ۔ گچی باؤلی کی ہوٹل میں پارٹی منعقد کی گئی جس میں منشیات کا استعمال کیا گیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی میںہوٹل پر دھاوا کیا اور مفرور افراد کا تعاقب کرکے انہیں گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد اویناش موہنتی نے یہ بات بتائی ۔ پولیس نے منشیات کا استعمال کرنے والے افراد جی ویویکا نند ڈائرکٹر منجیرا گروپ آف کمپنیز ، نربھئے ، سید عباس علی جعفری ، کیدار اور دیگر کو حراست میں لے لیا جن میں دو لڑکیاں بھی شامل ہونے کی اطلاع ہے جن میں ایک لڑکی سلیبیریٹی بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے سیل فون ، منشیات اور دیگر ٹھوس شواہد کو ضبط کرلیا ۔ ویویکا نندا بی جے پی لیڈر جی یوگا نند کا بیٹا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ہوٹل سے فرار افراد کا تعاقب کیا گیا اور ان کے مکان سے حراست میں لیا گیا اور ان کا طبی معائنہ کروایا گیا جس میں منشیات ( کوکین) کے استعمال کی تصدیق ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق سابق میں بھی اس ہوٹل میں ایسی پارٹیاں کی گئیں جن میں منشیات کا استعمال ہوا ۔ ویویکا نند ، سید عباس سے منشیات خریدا کرتا تھا اور ساتھیوں کے ہمراہ استعمال کرتا تھا ۔ کیدار کے علاوہ سندیپ ، راگھو چرن اور دو لڑکیوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے جبکہ اس پارٹی میں شریک دیگر فرادکی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ منشیات کے خلاف کارروائیوں کے باو جود ایسے واقعات کا پیش آنا تشویش کا سبب بنا ہوا ہے ۔ پولیس سائبرآباد مزید تحقیقات کررہی ہے ۔ ع