اسٹاف نرسس کی بحالی کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن

   

صدرنشین مہیلا کمیشن سے نرسس اور مہیلا کانگریس قائدین کی ملاقات
حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ مہیلا کمیشن سنیتا لکشما ریڈی نے ریاست میں خواتین پر مظالم کے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس کو ضروری ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ کی قیادت میں خواتین کے ایک وفد نے سنیتا لکشما ریڈی سے ملاقات کی اور یادداشت حوالے کی ۔ حالیہ عرصہ میں تلنگانہ میں خواتین پر مظالم بالخصوص کمسن بچوں پر جنسی ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ کانگریس قائدین نے بتایا کہ حکومت جانب سے خواتین کے تحفظ کے لئے اقدامات نا کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہبودیٔ خواتین پر حکومت کی عدم دلچسپی کے نتیجہ میں پولیس عہدیدار بھی کارروائی سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کووڈ کے دوران تقرر کئے گئے نرسوں کی خدمات سے اچانک برطرفی پر افسوس کا اظہار کیا۔ حکومت نے جی او آر ٹی 118 کے ذریعہ 1640 اسٹاف نرسس کو اچانک برطرف کردیا۔ کورونا کی سنگین صورتحال کے دوران اسٹاف نرسیس نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مریضوں کی خدمت کی تھی۔ صدر نشین مہیلا کمیشن سنیتا لکشما ریڈی نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن دیا ۔ اسی دوران برطرف کردہ اسٹاف نرسس کے نمائندوں نے سنیتا لکشما ریڈی سے ملاقات کی اور یادداشت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات باقاعدہ بنانے کی اپیل کی۔ این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ اور دیگر قائدین ان کے ہمراہ تھے۔ سنیتا لکشما ریڈی نے اسٹاف نرنسس کو انصاف کا تیقن دیا ۔