اسٹالن نے بھائی بالاجی کی رہائی کا خیرمقدم کیا

   

چنئی۔ تمل ناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے اپنے سابق کابینہ کے ساتھی اور ڈی ایم کے کے سینئر رہنما سینتھل بالاجی کا جمعرات کو ہندوستان کی سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد خیرمقدم کیا ہے۔ واضح رہے کہ سینتھل بالاجی جو تمل ناڈو حکومت میں ٹرانسپورٹ اور ایکسائزکے وزیر تھے، کو 14 جون 2023 کو ان کی رہائش گاہ سے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ وہ 471 دنوں تک پزل سینٹرل جیل میں بند رہے۔ اسٹالن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا پیارے بھائی سینتھل بالاجی نے سپریم کورٹ سے 471 دنوں کے بعد ضمانت حاصل کر لی ہے۔ میں بھائی سینتھل بالاجی کو خوش آمدید کہتا ہوں جو ایک نئے جوش کے ساتھ جیل سے باہر آرہے ہیں۔ تمہاری قربانی عظیم ہے، تمہارا عزم اس سے بھی بڑا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ای ڈی کو استعمال کرتے ہوئے عوامی لیڈروں کو ہراساں کیا جاتا ہے تو سپریم کورٹ ہی واحد تسلی ہے ۔