کانگریس حکومت میں خواتین محفوظ نہیں ‘ وجئے شانتی

   

پوکسو معاملات میںسخت کارروائی کرنے پارٹی ایم ایل سی کا مطالبہ
حیدرآباد۔14جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس حکومت میں خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ کانگریس رکن قانون ساز کونسل محترمہ وجئے شانتی کے ان سخت ریمارکس نے تلنگانہ میں سیاسی ہلچل پیدا کردی ہے۔ وجئے شانتی جنہیں کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں رکن کونسل بنایا ہے وہ حکومت سے ناراض ہیں اور پوکسو معاملہ میں ملوث 6 افراد کے قاتل کو پولیس نے جس طرح سے تعاون کیا اس پر شدید ردعمل ظاہر کرکے اپنے X کھاتہ پر لکھا کہ تلنگانہ میں جہاں کانگریس اقتدار میں ہے اور اقتدار سے قبل پارٹی نے خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل میں حکومت ناکام ہوتی جا رہی ہے۔ انہو ںنے اپنی ہی پارٹی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ’پوکسو‘ ایکٹ ملزمین کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرکے 6 افراد کے قتل کا معاملہ سنجیدگی سے لے اور سخت کاروائیوں کو یقینی بنائے۔ وجئے شانتی نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین نے حکومت پر جو اعتماد کیا تھا وہ متزلزل ہونے لگا ہے ۔ اداکارہ و رکن کونسل نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا وہ ریاست میںخواتین کی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز کرکے خواتین کے خلاف جرائم بالخصوص جنسی جرائم و کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کے ملزمین کے خلاف کاروائی کو یقینی بنانے اقدامات کریں ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کو خواتین میں اعتماد اور احساس تحفظ پیدا کرنے ’پوکسو‘ مقدمات کے ملزمین کے خلاف سخت کاروائی کویقینی بنانا چاہئے اور جن پولیس عہدیداروں نے پوکسو معاملہ میں ضمانت حاصل کرنے مدد کی تھی اور پوکسو شکایات پر سخت کاروائی سے گریز کیا تھا تمام کے خلاف کاروائی کی جائے پولیس کی عدم کاروائی کے نتیجہ میں ملزم نے 6 افراد کو قتل کیا ہے اسی لئے پولیس عہدیداروں کے خلاف کاروائی کی جانی چاہئے ۔3/k/b