اسٹرابیری کے وہ حیرت انگیز فوائد جو آپ نہیں جانتے

   

کھٹی میٹھی اسٹرابیری بچوں اور بڑوں سب ہی کو پسند ہوتی ہیں، لیکن انسانی جسم اور صحت پر اس کے اثرات سے بہت سے لوگ ناواقف ہیں۔دنیا بھر میں اسٹرابیریز کی 600 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ اس پھل کی بڑی تعداد میں برصغیر میں بھی افزائش ہوتی ہے جس میں سالہا سال اضافہ ہو رہا ہے۔ماہرین غذائیت کی جانب سے اسٹرابیری کو صحت کی ضمانت قرار دیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا استعمال میٹھی غذاؤں جیسے کے آئسکریم،ملک شیک اور دیگر مشروبات کا ذائقہ بڑھانے کیلئے کیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا روزانہ استعمال نہ صرف انسانی قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی جسم کو مضر صحت مادوں سے پاک کر کے صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔ماہرین کے مطابق اس میں موجود مختلف ایسڈ کی خصوصیات اور فلیونوئڈز مل کر مضبوط اینٹی آکسیڈنٹ فراہم کرتے ہیں جو کہ دل کیلئے مفید قرار دیئے جاتے ہیں، اسٹرابیری کا استعمال ایسے خراب کولیسٹرول کے اثرات کو کم کرتا ہے جو شریانوں میں خون کو گاڑھا کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ماہرین کی جانب سے دل کی بیماریوں سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اسٹرابیری کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے ۔ غذائی ماہرین کے مطابق اسٹرا بیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، ماہرین کے مطابق انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری ہے ، وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقتور بناتا ہے ۔ کھٹی میٹھی اسٹرابیری نہ صرف کھانے میں مزیدار ہے بلکہ اس کا روزانہ استعمال انسان کو صحت مند بناتا ہے اور خون کی افزائش بڑھاتا ہے۔اسٹرابیری کے استعمال سے نہ صرف انسان کی قوت مدافعت بڑھتی ہے بلکہ اسٹرابیری کا استعمال ہارٹ اٹیک کے خدشات کو بھی دور کرتا ہے۔اسٹرابیری کا استعمال خواتین کے جسم میں نسوانی ہارمون کی سطح بڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین کے چہرے پر اضافی بالوں جیسی شکایت کا خاتمہ ہوتا ہے۔اسٹرابیری جوڑوں کے درد کے مریضوں کیلئے بہت مفید ہے۔اسٹرابیری کھانے سے کینسر جیسے مہلک بیماری سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔اسٹرابیری کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے دوا کا کام کرتا ہے، تحقیق کے مطابق اسٹرابیری میں موجود اجزاء رگوں میں خون کی روانی کو کم کر کے متوازن کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اسٹرابیری جگر کیلئے بھی بہت مفید ہے۔