اسٹمپ مائیک کیلئے قوانین کا مطالبہ

   

لندن۔16 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹرز کی تنظیم فیکا کے سربراہ ٹونی آئرش نے مطالبہ کیا ہے کہ براڈکاسٹرز کی جانب سے منتخب اسٹمپ مائیک کے سامنے ہونے والی گفتگو کو منظر عام پر لانے سے گریز کیلئے اسٹمپ مائیکروفون کے حوالے سے قواعد متعارف کروایا جائے۔ ان کا یہ بیان ان حالیہ واقعات کے تناظر میں سامنے آیا جب ویسٹ انڈیز کے شینن گبرائیل اور پاکستانی کپتان سرفرازاحمد کو منفی ریمارکس پر فی کس چار مقابلوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے بالترتیب جو روٹ اور اینڈائیل فیلکواوپر جملے کسے تھے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ جولائی میں منعقدہ اجلاس کے دوران براڈکاسٹرز کو اجازت دی تھی کہ وہ بال ڈیڈ ہو جانے پر اسٹمپس مائیکروفون کی آڈیو نشر کر سکتے ہیں۔ اس فیصلے کا مقصد شائقین کو کھیل سے جوڑنے کے ساتھ یہ بھی تھا کہ کھلاڑیوں کی جانب سے بدزبانی کے واقعات کو روکنے میں مدد مل سکے لیکن اس نے اب ایک نئے تنازعہ کی شکل اختیار کرلی ہے۔ ٹونی آئرش نے کہا ہے کہ براڈکاسٹرز ٹکنالوجی کے استعمال میں تسلسل لانے کی کوشش کریں کیونکہ یہ ان کا ہی اختیار ہے کہ کب وہ مائیک کھولتے ہیں اور کب نہیں لہٰذا کھلاڑیوں میں یہ خوف پیدا ہو گیا ہے کہ کسی کی گفتگو لوگ سن سکتے ہیں اور کسی کی نہیں لہٰذا اس حوالے سے تسلسل پیدا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کسی بھی منتخب حصے کو نشر کرنا درست بات نہیں ہے۔