انگلینڈ ۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے آل راونڈر بین اسٹوکس اور آسٹریلیا کی آل راونڈر ایلس پیری کو کرکٹ کی بائبل کہے جانے والے وزڈن نے اپنے 2020 وزڈن میں دنیا کا سب سے بہترین کرکٹر قرار دیا ہے۔28 سالہ اسٹوکس نے 2019 میں انگلینڈ کی ونڈے ورلڈ کپ جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسٹوکس کے ناٹ آوٹ 135 رنز کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ہیڈنگلے میں تیسرے ایشز ٹسٹ میں ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔یہ ایوارڈ جیتنے والے انگلینڈ کے آخری کھلاڑی اینڈریو فلنٹاف تھے جنہیں 2005 میں یہ ایوارڈ ملا تھا۔ اسٹوکس سے پہلے ہندستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو مسلسل تین بار یہ ایوارڈ ملا تھا۔آسٹریلیا کی آل راونڈر ایلس پیری کو دنیا کی سب سے بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیری کو وزڈن کے سال کے پانچ کرکٹرز میں بھی جگہ ملی ہے۔ پیری نے گزشتہ سال آسٹریلیا کی انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز جیت میں سب سے زیادہ رنز بنائے تھے اور سب سے زیادہ وکٹ لئے تھے۔آسٹریلیا نے ایشز خطاب کو برقرار رکھا تھا۔وزڈن کے سال کے پانچ کرکٹرز میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر، آسٹریلیا کے فاسٹ بولر پیٹ کمنز اور مارنس لابوشین، ایسیکس کے آف اسپنر سائمن آرمر اور ایلس پیری کو جگہ ملی ہے۔