اسپتال کے بھومی پوجن کی مخالفت ،بی جے پی کارکن گرفتار

   

گوالیار ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے گوالیار ضلع ہیڈکوارٹر میں ایک اسپتال کی تعمیر کے لئے بھومی پوجن پروگرام کی مخالفت کر رہے بی جے پی کے دو سو سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس دوران پولیس کو مظاہرہ کر رہے کارکنوں پر ہلکی طاقت کا استعمال بھی کرنا پڑا۔ پولیس ذرائع کے مطابق شہر میں شیتلا سہائے مجسمہ کے نزدیک بی جے پی رکن پارلیمنٹ انوپ مشرا سمیت پارٹی کے کارکن اسپتال کے بھومی پوجن کی مخالفت میں مظاہرہ کر رہے تھے ۔پولیس کے سمجھانے پر مظاہرہ کر رہے کارکن مشتعل ہو گئے ، تو پولیس کو انہیں منتشر کرنے کے لئے ہلکی طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ اس دوران پولیس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور واٹر کینن کا استعمال بھی کیا۔ پولیس نے بتایا کہ مظاہرہ کر رہے بی جے پی ایم پی انوپ مشرا کے علاوہ دیگر عہدیدار راکیش جادون، سونو منڈل، سمن شرما سمیت سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس نے گرفتار کئے گئے کارکنوں کو پولیس لائن میں بنائی گئی عارضی جیل میں رکھا ہے ۔