حیڈرا کمشنر کو آج ہائیکورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت

   

متنازعہ اراضی میں مداخلت پر معذرت خواہی کی رولنگ
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے تعلق سے ان کا رویہ عدالت کی تاریخ میں انتہائی غیر متوقع ہے۔ عدالت نے انتباہ دیا کہ اگر کمشنر حیڈرا غیر مشروط معذرت خواہی نہ کرے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ جسٹس انیل کمار نے خانگی کنسٹرکشن کمپنی کی جانب سے دائر کردہ توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت کے دوران یہ ریمارک کئے۔ میڑچل ملکاجگیری کے لوتھ کنٹہ علاقہ میں 40 ایکر متنازعہ اراضی معاملہ میں ہائی کورٹ نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ عدالت کے احکامات کے باوجود حیڈرا حکام کی جانب سے مداخلت پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس انیل کمار نے کمشنر حیڈرا کو ہدایت دی کہ 27 جولائی کو شخصی طور پر عدالت میں حاضر ہوں اور اپنی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی حلف نامہ داخل کریں۔ عدالت نے کہا کہ 27 جولائی کو کمشنر حیڈرا کے حلف نامہ کا جائزہ لینے کے بعد ہی اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں فوج کو دی گئی ہدایت پر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ کمشنر حیڈرا کو شخصی طور پر حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی کہ وہ یا ان کا کوئی بھی عہدیدار متنازعہ اراضی میں دوبارہ مداخلت نہیں کرے گا۔ عدالت کے احکامات کے باوجود 18 جولائی کو اراضی میں مداخلت کی وجوہات طلب کی گئیں۔ 1؍F