اسپیڈیکس سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ اَنڈاک

   

چندریان۔4 کیلئے راستہ ہموار‘اِسرو نے دی خوشخبری

نئی دہلی :ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ (اسرو) نے آج 13 مارچ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس نے ’اسپیڈیکس‘ سیٹلائٹس کو ’ڈی ڈاک‘ یعنی الگ کرنے کا عمل کامیابی سے انجام دے دیا ہے۔ اس سے چاند کی دریافتوں، خلاء میں انسانی پروازوں اور اپنا خود کا خلائی اسٹیشن بنانے جیسے مستقبل کے مشنوں کیلئے راستہ صاف ہو گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ خلاء میں سیٹلائٹس کو ایک ساتھ جوڑنے کے عمل کو ڈاکنگ اور الگ کرنے کے عمل کو انڈاکنگ کہتے ہیں۔اسپیڈیکس مشن گزشتہ سال 30 دسمبر کو شروع کیا گیا تھا جب اِسرو نے خلاء میں ڈاکنگ کے تجربہ کا مظاہرہ کرنے کے لیے دو سیٹلائٹس ایس ڈی ایکس 01 اور ایس ڈی ایکس 02 کو مدار میں نصب کئے تھے۔ اسپیس ڈاکنگ خلا میں دو سیٹلائٹس کو جوڑنے کے عمل کو کہتے ہیں۔ کئی کوششوں کے بعد خلائی ایجنسی نے 16 جنوری کو دونوں سیٹلائٹس کو کامیابی کے ساتھ ’ڈاک‘ کیا تھا۔بہرحال اسرو کی اس تازہ کامیابی کیلئے وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضی سائنس جتیندر سنگھ نے اسرو کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’اِسرو ٹیم کو مبارکباد۔ یہ ہر ہندوستانی کے لیے خوشی کی بات ہے۔ اسپیڈیکس سیٹلائٹس نے حیرت انگیز ڈی۔ڈاکنگ کو پورا کر لیا ہے۔ اس سے ہندوستانی خلائی اسٹیشن، چندریان۔4 اور گگن یان سمیت مستقبل کے دیرینہ مشنوں میں کافی مدد ملے گی۔