اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے این ٹی آر مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی

   

سیاسی حلقوں میں نئی بحث ، میرا سیاسی سفر این ٹی آر کا مرہون منت
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی دوبارہ استحکام کی مساعی کررہی ہے ایسے میں اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کی جانب سے آنجہانی این ٹی آر کے مجسمہ کی نقاب کشائی نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اسپیکر اسمبلی جو بی آر ایس کے قیام کے بعد پارٹی کی کئی سرگرمیوں اور اجلاسوں میں شرکت کرچکے ہیں انہوں نے آج قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ کے تحت بہادر پلی چوراہے پر سابق چیف منسٹر اور تلگودیشم کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ تقریب میں مقامی بی آر ایس رکن اسمبلی کے پی ویویکانند اور دیگر قائدین شریک تھے۔ اس موقع پر پوچارم سرینواس ریڈی نے این ٹی آر کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف وجوہات کے تحت این ٹی آر نے سیاست میں حصہ لیا تھا۔ 1983 سے قبل کانگریس کے چیف منسٹرس کو نئی دہلی میں ہائی کمان کے روبرو جھکنا پڑتا تھا۔ تلگو عوام کی عزت نفس کے نام پر این ٹی راما راؤ نے تلگودیشم پارٹی قائم کی۔ فلم اسٹار ہونے کے باوجود این ٹی آر کو سیاستداں کے طور پر ملک بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی۔ اسپیکر نے کہا کہ میری سیاسی زندگی این ٹی راما راؤ کی مرہون منت ہے۔ این ٹی آر نے سیاست کو عوام کی خدمت کا ذریعہ بنایا۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے موجودہ قائدین زیادہ تر این ٹی راما راؤ کی سرپرستی میں سیاست میں داخل ہوئے۔ 2 روپئے کیلو چاول کی سربراہی، جنتا وسترالو کی تقسیم، مکانات کی تعمیر، زرعی شعبہ کو رعایتی شرح پر برقی سربراہی جیسے کارنامے این ٹی آر کی دین ہیں۔ر