حیدرآباد۔25۔نومبر (سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی پی سرینواس ریڈی کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اسپیکر نے ایک بیان میںیہ اطلاع دی اور بتایا کہ طبی معائنوں کے دوران وہ کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ فی الوقت انہیں کوئی علامات نہیں ہیںتاہم ڈاکٹرس کے مشورہ پر ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیاسٹرو انٹرالوجی گچی باؤلی میں شریک ہیں۔ انہوں نے گزشتہ چند دنوں میں ملاقات کرنے والے افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا ٹسٹ کروائیں اور ہوم آئسولیشن اختیار کریں۔ واضح رہے کہ دو دن قبل حیدرآباد میں اسپیکر کی پوتری کی شادی تھی ، تقریب میں آندھرا و تلنگانہ چیف منسٹرس کے علاوہ دونوں ریاستوں کے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں و سیاسی قائدین نے شرکت کی تھی۔ سینکڑوں افراد کی شرکت کے نتیجہ میں اسپیکر کورونا سے متاثر ہوگئے۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ پوچارم سرینواس ریڈی کی حالت مستحکم ہے۔ اسی دوران گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے اسپیکر کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔