اسپیکر لوک سبھا کے عہدہ کیلئے اوم برلا این ڈی اے کے امیدوار

,

   

نئی دہلی ۔ /18 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اوم برلا لوک سبھا کے نئے اسپیکر ہوں گے ۔ وہ راجستھان کے حلقہ کوٹہ سے دوسری مرتبہ منتخب ہوئے ہیں اور حکمراں این ڈی اے نے انہیں اس عہدہ کے لئے نامزد کیا ہے ۔ اوم برلا ماضی میں راجستھان اسمبلی کے لئے بھی تین مرتبہ منتخب ہوئے تھے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ان کا نام تجویز کیا ۔ اکالی دل کے سکبھیر سنگھ بادل اور شوسینا کے اروند ساونت نے تائید کی ۔ اسپیکر کے عہدہ کے لئے بالعموم ایوان کے تجربہ کا رکن کے نام پر غور کیا جاتا ہے لیکن یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ صرف دو مرتبہ منتخب رکن کو اس عہدہ کے لئے نامزد کیا گیا ہے ۔ ان سے قبل شیوسینا کے منوہر جوشی کو ایوان کے رکن کی حیثیت سے پہلی میعاد میں ہی اسپیکر منتخب کرلیا گیا تھا ۔ تلگودیشم پارٹی کے جی ایم سی بالایوگی کو دوسری میعاد میں اسپیکر منتخب کیا گیا تھا۔وہ ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوگئے تھے ۔