اسپیکر پرساد کمار اور صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی جرمنی کے دورہ پر

   

ہندوستانی کونسلیٹ میں سرمایہ کاروں سے خطاب، تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے کہاکہ تلنگانہ میں مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بہتر امکانات ہیں اور صنعتکاروں کو اِس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی میں حصہ داری ادا کرنی چاہئے۔ پرساد کمار جرمنی کے فرینکفرٹ میں ہندوستانی کونسلیٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج اور ہندوستانی کونسلیٹ کے عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری اور غیر مقیم ہندوستانیوں کے مسائل پر منعقدہ اِس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہاکہ تلنگانہ کئی شعبہ جات میں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فیوچر سٹی کے قیام کے ذریعہ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لئے حکومت نے جامع منصوبہ تیار کیا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکلس، لائف سائنسیس اور دیگر شعبہ جات میں کئی بین الاقوامی اداروں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اُنھوں نے جرمنی اور یورپ کے اداروں اور سرمایہ کاروں سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی اپیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈسمبر میں فیوچر سٹی میں گلوبل سمٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں کئی ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔ جرمنی اور ہندوستان کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعلقات بہتر بنانے کے لئے 2024ء میں جرمنی کے وفد نے حیدرآباد کا دورہ کیا تھا۔ تلنگانہ کا خیرسگالی وفد اِن دنوں جرمنی کے دورہ پر ہے۔ اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین کونسل نے جرمنی آمد سے قبل ساؤتھ افریقہ کے کیپ ٹاؤن میں کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس میں شرکت کی۔V/1/k/b