قانون کی خلاف ورزی پر اسکولس کی مسلمہ حیثیت ختم کرنے کی تجویز
حیدرآباد۔ اسکولوں کو دیئے گئے تمام فائر این او سی کی جانچ کی جائے گی اور شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود اسکولوںکو جاری کئے جانے والے فائر این اوسی کی تجدید کے نئے طریقہ کار کو جلد پیش کیا جائے گا۔ شہر یا ریاست میں جب کبھی کوئی آتشزنی کا واقعہ یاحادثہ پیش آتا ہے تو فوری متعلقہ محکمہ کی جانب سے حرکت کرتے ہوئے متعلقہ دستاویزات کی جانچ کا عمل شروع کیا جاتا ہے اور اب پرانے شہر کے ایک اسکول میں آتشزنی کے واقعہ کے ساتھ ہی ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے شہر حیدرآباد میں اسکولوں کیلئے جاری کئے گئے فائر این او سی کی جانچ کے سلسلہ میں اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اورکہا جا رہاہے کہ احکامات کے مطابق جن اسکولوں کے پاس فائر این او سی نہیں ہے ان اسکولوں مہر بند کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور مسلمہ حیثیت کو برخواست کردیا جائیگا۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود اسکولوںکو جاری کئے گئے فائر این او سی کے متعلق محکمہ کے اعلیٰ عہدیدارو ںنے شبہات کااظہار کرنا شروع کردیا ہے اور کہا جار ہا ہے کہ بیشتر اسکولوں کے فائر این او سی جعلی ہیں جن کی جانچ کی جانی ضروری ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے اسکولوں کیلئے جاری کئے گئے فائر این او سی کی از سر نو جانچ کی ہدایت دینے اور ان کے حقیقی ہونے کی جانچ کا منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام اسکولوں کی جانب سے مسلمہ حیثیت کی تجدید اور حصول کیلئے داخل کئے جانے والے ان این اوسی کی جانچ کے ذریعہ اس بات کا پتہ چلایا جاسکے کہ کتنے اسکولوں کے پاس فائر این او سی موجود ہیں۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداراس بات پر غور کر رہے ہیں کہ تمام اسکولوں کیلئے نئے طریقۂ کار سے فائر این او سی کی اجرائی عمل میں لائی جائے تاکہ فرضی این او سی کے کلچر کو ختم کیا جاسکے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جن امورپر غور کیا جا رہا ہے ان میں ہولو گرام کے ساتھ فائر این او سی کی 5 نقول کی اجرائی کا منصوبہ ہے تاکہ مسلمہ حیثیت کی تجدید کیلئے تین نقول وصول کئے جائیں اور ان میں ایک متعلقہ بلدیہ اور محکمہ تعلیم کے علاوہ پولیس میں جمع کی جائیں علاوہ ازیں اسکولوں کے لئے لازمی کیا جائے کہ وہ اپنے اسکول کے دفتر میں فائر این او سی نمایاں طور پر آویزاں کریں اور فائر این او سی کے نقول یعنی زیراکس کسی بھی دفتر میں ناقابل قبول بنائی جائے تاکہ کوئی بھی ان فائر این او سی کے ساتھ چھیڑچھاڑ نہ کرسکیں۔