اسکولی طلبہ کو ماہانہ 600 روپئے ٹرانسپورٹ بھتہ

   

3688 دیہی علاقوں کے 30,395 طلبہ کا انتخاب، 18.23 کروڑ روپئے منظور
حیدرآباد۔ 21 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے دیہی و قصبوں میں رہنے والے غریب طلبہ کیلئے ایک خوشخبری سنائی ہے ۔ ایسے گاؤں جہاں سرکاری اسکولس نہیں ہیں ، ان طلبہ کیلئے ماہانہ 600 روپئے ٹرانسپورٹ بھتہ منظور کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں ۔ اس طرح ریاست بھر کے 3688 قصبوں کے 30,395 طلبہ کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں آئندہ تعلیمی سال سے ماہانہ 600 روپئے ٹرانسپورٹ بھتہ دیا جائے گا اور محکمہ ٹرانسپورٹ کیلئے 18.23 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں ۔ تعلیمی سال 2023-24 ء کیلئے ڈائرکٹر محکمہ تعلیم کی تجویز پر سکریٹری محکمہ تعلیم وی کرونا نے جی او 32 جاری کیا ہے ۔ حق تعلیم قانون 2009 ء رول (5) سب رول (4) کے تحت اسکولس نہ رہنے والے دیہی علاقوں اور قصبوں میں رہنے والے طلبہ کو ٹرانسپورٹ بھتہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ طلبہ کو قریبی اسکولس میں حصول تعلیم کیلئے سفر کرنے کے لئے ٹرا نسپورٹ بھتہ دیا جارہا ہے ۔ چند طلبہ آٹوز اور چند طلبہ ویانس میں سفر کرتے ہوئے گھر سے اسکول اور اسکول سے گھر پہنچ رہے ہیں اور سرکاری اسکولس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ پہلی تا پانچویں جماعت تک ایک کیلو میٹر 8 ویں جماعت تک تین کیلو میٹر 9 اور 10 ویں جماعت تک 5 کیلو میٹر دور اسکولس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو 600 روپئے ماہانہ ٹرانسپورٹ بھتہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ن