اسکول بس گڑھے میں گرگئی۔ 16طلبہ زخمی

   


حیدرآباد5 دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں اسکول بس کے سڑک کے کنارے گڑھے میں گرنے کے نتیجہ میں 16طلبہ زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ ضلع کے وٹے پلی منڈل کے بجلی پور کے قریب پیش آیا۔جوگی پیٹ ٹاون کے اس پرائیویٹ اسکول کی بس وٹے پلی منڈل کے گاوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کواس میں سوار کرتے ہوئے لے جارہی تھی کہ مورے ولی۔بجلی پور دیہات کے قریب اس کے ڈرائیورنے اس کا توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں یہ بس سڑک کے کنارے گڑھے میں گرگئی۔اس حادثہ میں 16طلبہ زخمی ہوگئے ۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی مقامی افراد کے ساتھ ساتھ طلبہ کے والدین وہاں پہنچے اور راحت کام شروع کیا۔طلبہ کو علاج کے لئے سنگاریڈی کے اسپتال منتقل کیاگیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔مقامی افراد نے بتایا کہ بس ڈرائیور تیز رفتاری کے ساتھ بس چلارہا تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔بتایاجاتا ہے کہ اس حادثہ کے ساتھ ہی بس ڈرائیور وہاں سے فرارہونے میں کامیاب رہا۔