بنگلورو۔17 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے ضلع دکھشن کنڑا کے اسکول انتظامیہ کے پانچ ارکان کے خلاف پولیس نے آج مقدمہ درج کرلیا جن پر اسکول کے سالانہ اسپورٹس ڈے کے موقع پر طلبہ سے بابری مسجد کی شہادت کا ڈرامہ کروانے کا الزام ہے ۔ اتوار کو منعقدہ اسکول کی تقریب میں پوڈوچیری کی گورنر کرن بیدی اور مرکزی وزیر کمیکل و فرٹیلائیزر ڈی وی سدانند گوڑا بھی بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے ۔ اسکول چلانے والے آر ایس ایس لیڈر کے پربھاکر بھٹ اور دیگر چار کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جن میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے سے متعلق دفعہ 298 بھی شامل ہے ۔ پاپلر فرنٹ آف انڈیا کے قائد ابوبکر صدیقی کی شکایت پر پولیس حرکت میں آئی اور اسکول انتظامیہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ابوبکر صدیقی اس علاقہ میں رہتے ہیںجہاں یہ اسکول واقع ہے ۔ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی ایم لکشمی پرشاد نے بتایا کہ سری رام ویدیا کیندر اسکول انتظامیہ کے پانچ عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔کیونکہ اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں ۔