اشون بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش

   

برسبین: ہندوستان کے لیجنڈری اسپنر اشون نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ گابا ٹسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد اشون نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اشون نے ریٹائرمنٹ کے دوران کہا کہ میں اس وقت بہت جذباتی ہوں اور میں نے اپنے کریئر کا بہت لطف اٹھایا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اشون نے اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز 2011 ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دہلی ٹسٹ میچ میں کیا تھا۔ اشون نے اپنا آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلا تھا۔ اشون نے اپنے ٹسٹ کیریئر میں 106 میچ کھیلے اور اس دوران وہ 537 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ اشون نے ونڈے میں 116 میچوں میں 156 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی ٹی20 انٹرنیشنل اشون نے 65 میچ کھیلے اور کل 72 وکٹیں حاصل کیں۔ اشون ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے گیندباز ہیں۔ اشون نے ہندوستان کیلئے 106 ٹسٹ میچ کھیلے اور 24 کی اوسط سے 537 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔ اشون ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 5 وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بھی ہیں۔ اشون نے یہ کارنامہ اپنے ٹسٹ کیریئر میں 37 مرتبہ انجام دیا ہے۔ انیل کمبلے کے بعد اشون ہندوستان کے سب سے کامیاب اسپنر ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ کی بات کریں تو اشون نے 765 وکٹیں حاصل کی ہیں۔اشون کے نام ٹسٹ میں 6 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں ہیں، اشون کے نام پر 3503 ٹسٹ رنز بھی ہیں۔ ہندوستان کے لیجنڈری اسپنر اشون 300 وکٹیں اور 3000 رنز بنانے والے دنیا کے صرف 11ویں آل راؤنڈر ہیں۔ ان کے پاس سب سے زیادہ 11 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ ہے، جو متھیا مرلی دھرن کے برابر ہے۔
روہت شرما کپتانی سے دستبرادر ہوں گے : گواسکر
ممئی : انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے موجودہ کپتان روہت شرما کے دستبرادر ہونے کی پیش گوئی کر دی۔ سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ روہت شرما ملبورن اور سڈنی میں فلاپ ہوئے ہیں تو وہ خود دستبردار ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ روہت شرما سلیکٹرز کے فیصلے کا انتظار نہیں کریں گے، یقینی طور پر وہ آخری 2 ٹسٹ میچز کھیلیں گے۔سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ آخری 2 میچز میں روہت شرما رنز نہیں کرتے تو میرا خیال ہے کہ وہ ٹیم سے الگ ہوجائیں گے۔سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ روہت شرما ٹیم پر بوجھ نہیں بنیں گے، وہ ایسے کرکٹر ہیں جو ٹیم کا بہت خیال رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 ٹسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوئی ہے