حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) ضروری اشیاء کی بین ریاستی منتقلی اور اُس کی سربراہی میں آسانی پیدا کرنے سٹی پولیس نے اسپیشل ٹاسک فورس قائم کی ہے۔ یہ ٹاسک فورس جوائنٹ کمشنر ڈٹکٹیو اویناش موہنتی کی زیرنگرانی کام کریگی۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے منتخبہ صحافیوں سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ تبادلہ خیال میں کہاکہ موجودہ صورتحال میں ضروری اشیاء کی سربراہی کو یقینی بنانا پولیس کی اوّلین ترجیح ہے اور بین ریاستی ٹرانسپورٹ کے ذریعہ ضروری اشیاء کو ریاست میں لایا جائیگا۔ اُنھوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے جوائنٹ کمشنر پولیس اویناش موہنتی کو 20 رکنی ٹاسک فورس کا سربراہ بنایا گیا جو لاک ڈاؤن کی برقراری تک نگرانی کریگی۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹاسک فورس 3 شفٹوں میں کام کریگی اور اِس کا مقصد یہ ہوگا کہ ضروری اشیاکے علاوہ مویشیوں کے چارے، ادویات، شکر، دودھ اور دیگر اشیاء کو ریاست میں آسانی سے لانے مددگار ثابت ہوگی۔ اُنھوں نے بتایا کہ ایسے کئی ضروری اشیاء ہیں جو پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا، کرناٹک اور آندھراپردیش سے یہاں لائی جاتی ہیں اور لاریوں کے ذریعہ آنے والے مال کو گودام مالک تک پہونچنے میں مدد کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کی مارکٹ کو ملک بھر میں چوتھا مقام حاصل ہے اور حیدرآباد پولیس ایک کروڑ سے زائد عوام کو آسانی سے ضروری اشیاء فراہم کرنے کو یقینی بنانے کا عہد کرچکی ہے۔
