اضافی برقی بلز کے خلاف ایجی ٹیشن کرنے کانگریس کی دھمکی

   

Ferty9 Clinic

خزانہ بھرنے کے لیے منظم لوٹ ، ومشی چند ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے اضافی برقی بلز سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ایجی ٹیشن کا انتباہ دیا ہے۔ اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت پر منظم انداز میں عوام کو لوٹنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ایک طرف عوام لاک ڈاؤن سے پریشان تھے تو دوسری طرف حکومت بھاری برقی بلز کے ذریعہ اپنے خسارے کی تکمیل کا منصوبہ بنارہی ہے۔ انہوں نے برقی بلز کی عدم ادائیگی کی صورت میں برقی منقطع کرنے سے متعلق جگدیش ریڈی کے بیان پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا۔ ومشی چند ریڈی نے کہا کہ اگر صارفین کی برقی منقطع کردی گئی تو تنخواہوں میں کٹوتی سے ناراض ملازمین اور بے روزگار نوجوان حکومت کو مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ، اپریل کے بلز ہزاروں روپئے کے جاری ہوئے ہیں اور افسوس کہ غریب و متوسط طبقات کی پریشانی دور کرنے کیلئے حکومت تیار نہیں۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں پچاس فیصد کی کٹوتی کی گئی اس کے علاوہ پنشنرس کا وظیفہ بھی کٹ کیا جارہا ہے ایسے میں عوام کہاں سے ہزاروں روپئے کے بلز ادا کرپائیں گے۔ ومشی چند ریڈی نے کورونا سے ایک صحافی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے۔