اضلاع رنگاریڈی اور میڑچل کی ترقی کیلئے 130 کروڑ روپئے کی اجرائی

   

13 اسمبلی حلقوں میں فی حلقہ 70 کروڑ روپئے منظور ، ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی اور ملاریڈی کا خیر مقدم
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے اضلاع رنگاریڈی اور میڑچل کے 13 اسمبلی حلقوں کی ترقی کے لیے فی حلقہ 10 کروڑ روپئے کے حساب سے 130 کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے احکامات جاری کردئیے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اضلاع رنگاریڈی اور میڑچل کے نئے کلکٹریٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ان دو اضلاع کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈز جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ حکومت کے اس فیصلے سے ضلع رنگاریڈی کے 8 اسمبلی حلقوں کو 80 کروڑ اور ضلع میڑچل کے 5 اسمبلی حلقوں کے لیے 50 کروڑ روپئے منظور ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے وعدہ کرنے کے ایک ماہ بعد حکومت کی جانب سے فنڈز جاری کردئیے گئے ۔ ان فنڈز کو قبائلی تانڈوں کی ترقی کے لیے 10 فیصد ایس سی کالونیوں کی ترقی کے لیے 20 فیصد فنڈز کو استعمال کیا جائے گا اس کے علاوہ سی ڈی پی کے تحت 40 فیصد سرکاری اسکولس وکالجس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے لازمی طور پر فنڈز مختص کرنے کی ضرورت ہے ۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں اضافی کلاس رومس ، بیت الخلاؤں ، کھیل کود کی جگہوں ، سائنس لیاب ، پینے کے پانی کی سربراہی کے لیے فنڈز خرچ کئے جائیں گے ۔ سرکاری ہاسپٹلس کی تعمیر و مرمتی کاموں کے لیے بھی ان فنڈز کو استعمال کرنے کے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں ۔ ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی اور ملاریڈی نے دونوں اضلاع کی ترقی کے لیے 130 کروڑ روپئے کے خصوصی فنڈز جاری کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ۔۔ ن