اضلاع میں عہدیداروں کو چوکس رہنے وزیر پنچایت راج ای دیاکر راو کی ہدایت

   

حیدرآباد۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راو نے آج ورنگل اور بھوپال پلی اضلاع کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نشیبی علاقوں میں پھنسے ہوئے عوام کو محفوظ مقامات کو منتقل کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان اضلاع میں ہائی الرٹ ہے کیونکہ نشیبی علاقے شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے زیر آب آگئے ہیں۔ وزیر موصوف نے اپنے کیمپ آفس سے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بارش اور سیلاب کے پیش نظر زیادہ چوکسی برتیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی جانی و مالی نقصان نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں عوام پانی میں گھر جائیں انہیں محفوظ مقامات کو منتقل کیا جانا چاہئے اور ہر ممکن راحت فراہم کرنے حکام کو چوکس رہنا چاہئے ۔