اضلاع و شہر میں آئندہ 72 گھنٹوں کیلئے زرد الرٹ

   

ہلکی سے تیز بارش کا امکان ۔ ایمرجنسی عملہ کو چوکسی کی ہدایت
حیدرآباد7اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ اضلاع بشمول حیدرآباد میں آئندہ 72 گھنٹوں کیلئے زرد الرٹ جاری کرکے کہا کہ ریاست کے بیشتر مقامات پر آئندہ تین یوم میںہلکی اور تیز بارش یا موسلادھار بارش کے امکانات ہیں ۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں گذشتہ تین یوم سے بارش جاری ہے جبکہ حیدرآباد وسکندرآباد میں وقفہ وقفہ سے بوندا باندی اور تیز بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے انتباہ کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اپنے ایمرجنسی عملہ کو متحرک و چوکس رہنے ہدایت دی اور کہا کہ نشیبی علاقوں کے علاوہ جن سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات ملتی ہیں ان پر ڈی آر ایف عملہ کو تعینات کیا جائے۔ کہا جار ہاہے کہ آئندہ تین یوم کے دوران دونوں شہروں کے علاوہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں اور شمالی اضلاع میں بھی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی جار ہی ہے۔دونوں شہروں میں گذشتہ تین یوم سے بارش کے سبب سڑکوں کی حالت ابتر ہوچکی ہے اور محکمہ موسمیات کے الرٹ کے باوجود جی ایچ ایم سی یا محکمہ آبرسانی کی جانب سے بارش کے پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے اقدامات نہ کئے جانے پرشہریوں میں شدید برہمی پائی جا رہی ہے کیونکہ بارش کے پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات نہ کئے جانے کے نتیجہ میں دونوں شہرو ںکے کئی اہم مقامات پر شہریو ںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔