اضلاع ہنمکنڈہ اور محبوب آباد میں ڈینگو کے مریضوں میں اضافہ

   

ضلعی انتظامیہ چوکس ، 91 سے زائد کیسیس کی توثیق ، وبائی بخار کے مریضوں کی بھی نشاندہی
حیدرآباد۔6۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) تلنگانہ کے دو اضلاع میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ سے عوام میں تشویش کی لہر پائی جانے لگی ہے اور محکمہ صحت کے علاوہ متعلقہ بلدی عہدیدار ڈینگو کے مریضوں میں ہونے والے اضافہ کو روکنے کے لئے اقدامات میں مصروف ہوچکے ہیں۔ ہنمکنڈہ اور محبو ب آباد ضلع میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ ہی دونوں ہی اضلاع میں ضلع انتظامیہ نے حرکت میں آتے ہوئے موسمی وبائی امراض پر قابو پانے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہنمکنڈہ اور محبوب آباد میں 91 سے زائد ڈینگو کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ضلع محبوب آباد میں 68 ڈینگو کے متاثرین کی توثیق ہوئی ہے جبکہ 5000 سے زائد وبائی امراض کا شکار مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ بخار ودیگر امراض کا شکار ہیں ‘ اسی طرح ہنمکنڈہ میں 23 ڈینگو کے متاثرین کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ 1500 سے زائد وبائی بخار کا شکار مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ دونوں ہی اضلاع میں ڈینگو متاثرین کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ڈینگو کے معائنوں میں تیزی لانے اور ڈینگو کے متاثرین کو مؤثر علاج و معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کے علاوہ دونوں ہی اضلاع میں صفائی کے لئے خصوصی مہم چلانے اور مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے۔3