اطلاعات کے حق کو ختم کرنے والا بل:کانگریس

   

نئی دہلی 22جولائی (سیاست ڈاٹ کام )کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ ‘کم از کم گورنمنٹ اور زیادہ سے زیادہ گورننس’ کی بات کرنے والی مرکزی حکومت لوگوں کے اطلاعات کے حق کے تحت حاصل حقوق کو چھین رہی ہے اور اس قانون کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔لوک سبھا میں کانگریس کے ششی تھرور نے اطلاعات کا حق (ترمیمی)بل 2019پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت اس قانون میں ترمیم نہیں بلکہ اس قانون کو ہی ختم کرنے والا بل لے کر آئی ہے ۔ اس قانون کی پوری دنیا میں تعریف ہورہی ہے اور ملک کے شہریوں کو حاصل اس حق سے عام آدمی کی اقتدار میں شراکت بڑھی ہے لیکن یہ حکومت اسے ختم کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اسٹینڈنگ کمیٹی نے قانون کو مضبوط کرنے کی بات کہی تھی لیکن حکومت نے اس پر توجہ دینے کے بجائے اس قانون کو کمزور کیا ہے ۔ 2014 میں تقررات نہیں ہوئے اور جب سپریم کورٹ نے مداخلت کی تو تقرری کی گئی۔ حکومت بل پر پارلیمانی تجزیہ نہیں کرنا چاہتی ہے بلکہ اسے جلد بازی میں پاس کرنے کے حق میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بل کو منظور کرکے حکومت اکثریت کا مناسب استعمال نہیں کررہی ہے ۔