اعظم خان ،اہلیہ اور بیٹا سیتاپور جیل منتقل

,

   

لکھنؤ27فروری(سیاست ڈاٹ کام ) رامپور کے ضلع جیل میں قید سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما و رکن پارلیمان اعظم خان ،اہلیہ تزئین فاطمہ اور ان کے بیٹے عبداللہ کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پرجمعرات کی صبح سیتا پور جیل میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اعظم کنبے سے آج ملاقات کرسکتے ہیں۔سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما نے بیٹے اور اہلیہ کے ساتھ گذشتہ کل رامپور کے ایک مقامی عدالت میں خودسپردگی کی تھی۔جہاں سے عدالت نے انہیں 02 مارچ تک عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا تھا۔لیکن رامپور ضلع انتظامیہ کی جانب سے اعظم خان کے حراست میں ہونے کی وجہ سے نظم ونسق پر تحفظات کا اظہار کئے جانے کے بعد آج انہیں سیتاپور جیل منتقل کردیا گیا۔ ایس پی سربراہ نے آج رامپور جانے کے لئے پرائیویٹ ائیر کرافٹ بک کرلیا تھا پہلے وہ بریلی جاتے اور پھر وہاں سے بذریعہ کار رامپور پہنچتے لیکن اب انہوں نے رامپور اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے اور اب سیتا پور جاکر پارٹی لیڈر سے ملاقات کریں گے ۔ سیتاپور جیل سپرنٹنڈنٹ ڈی سی مشرا نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ اعظم خان ان کے بیٹے عبداللہ کو جیل کے اندرخصوصی سیکورٹی فراہم کی جائے گا ۔