اعظم خان نے لکشمن ریکھا حدود کو پار کرلیا، جیہ پردا کا شدید ردعمل

   

لکھنؤ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) رامپور حلقہ لوک سبھا کی بی جے پی امیدوار جیہ پردا نے اعظم خاں کے اُن کے خلاف نازیبا ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اُنھوں نے لکشمن ریکھا کی تمام حدوں کو پھلانگ دیا اور وہ (اعظم خاں) اُن کے بھائی کہلانے کے مستحق نہیں رہے۔ ایس پی لیڈر اعظم خاں نے جیہ پردا کا نام لئے بغیر اتوار کو بیان دیا تھا کہ ’’اُن کی حقیقت کو سمجھنے کے لئے سترہ سال لگے لیکن جیسے ہی وہ خاکی چڈی زیب تن کی صرف سترہ دن میں اُن کی حقیقی پہچان ہوگئی‘‘۔ بی جے پی نے اُن کے ریمارکس کو جیہ پردا کے خلاف قرار دیا جو سماج وادی پارٹی لیڈر کے خلاف مقابلہ کررہی ہیں۔ جیہ پردا نے رامپور میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہاکہ وہ اعظم خاں کو اپنا بھائی تصور کرتی تھیں لیکن چونکہ اُنھوں نے لکشمن ریکھا کی تمام حدیں پار کرلی ہیں لہذا وہ اب اُن کے بھائی کہلانے کے مستحق نہیں رہے۔