لکھنؤ۔10؍ستمبر ( ایجنسیز )سماجوادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج کی گئی ۔ لکھنؤ حج کمیٹی کی تقریباً 60 ہزار مربع فٹ زمین ایک پرائیویٹ بلڈر کو فروخت کرنے کے معاملے میں ویجلنس محکمہ نے لکھنؤ سیکٹر تھانہ میں یہ مقدمہ درج کیا ہے۔ اعظم خان کے ساتھ ہی حج کمیٹی کے اس وقت کے سکریٹری لئیق احمد، ڈاکٹر ایم اے خان، امیش ڈیولپرس کے مالک محمد ایوب اور مستقیم احمد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ان سبھی پر الزام ہے کہ حج کمیٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زمین فروخت کی گئی، جس سے حکومت کو 2 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زیادہ کے مالیہ کا نقصان ہوا ۔یہ ایف آئی آر اتر پردیش ویجلنس اسٹیبلشمنٹ کے لکھنؤ سیکٹر تھانے میں 8 ستمبر کو درج کی گئی۔