لکھنو۔ سماج وادی پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو نے اتوار کے روز کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)ان کے پارٹی لیڈر اعظم خان کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔یادو نے کہاکہ ”سماج وادی پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جو کچھ قانونی امداد ہو سماج وادی پارٹی وہ فراہم کرے گی۔
ان کے ساتھ ناانصافی بی جے پی نے کی ہے۔بی جے پی نے اس قسم کے عہدیداروں کو بھیجا جو ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائیں“۔جب ان سے پرگتی شیل سماج وادی پارٹی سربراہ شیو پال سنگھ یادو کی سیتا پور جیل میں اعظم خان سے ملاقات کے متعلق پوچھا گیاتو ایس پی سربراہ اکھیلیش یادو نے کہاکہ ”میں نہیں جانتا کون ملنے گیا‘ اس کے متعلق کوئی جانکاری میرے پاس نہیں ہے“۔
سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ کی ہدایت پر رکن اسمبلی روی داس ملہوترہ اور دیگر سات اراکین اسمبلی نے سیتا پور جیل میں اتوار کے روز اعظم خان سے ملاقات کی تھی۔
اس سے قبل 10اپریل کے روز خان کے میڈیا انچارج فصاحت علی خان سونو نے اکھیلیش یادو پر ناراضگی کا اظہار کیاتھا کہ اپنے ساتھیو ں کو وہ سالوں سے نظر انداز کررہے ہیں اور جیل جاکر ملاقات بھی نہیں کی ہے
درایں اثناء پیر (11اپریل) کے روز سپریم کورٹ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم نامے پر روک لگادی جس میں محمد علی جوہر یونیورسٹی کی اراضی کو حاصل کرنے کی منظوری دی گئی تھی جس کو مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ کے سربراہ ایس پی لیڈر اعظم خان ہیں۔ فی الحال اعظم خان سیتا پور جیل میں 2020فبروری سے قید ہیں اور انہیں اترپردیش حکومت کی جانب سے درج متعدد مقدمات کاسامنا ہے۔