لکھنؤ: اترپردیش کی مین اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے خلاف درج مقدموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جب سے اقتدار میں آئی ہے اپوزیشن کے تئیں حکومت کے انتقام کے جذبے کی جاری کاروائیاں رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔اکھلیش نے ہفتہ کو بتایاکہ آئے دن اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے وقار کو مجروح کرنے کے لئے انہیں فرضی مقدموں میں پھنسانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس پی لیڈروں کے تئیں بی جے پی کا رویہ دشمنوں جیسا ہے۔ یہ جمہوریت میں ناپسندیدہ ہے۔قابل ذکر ہے کہ نفرت انگیز خطاب کے معاملے میں عدالت کے ذریعہ اعظم کو قصور وار ٹھہرائے جانے کے بعد رامپور صدر سیٹ سے ان کی رکنیت بھی جمعہ کو منسوخ کردی گئی ہے۔