افتتاحی تقریب کے دوران ہی پُل ٹوٹ گیا

   

کانگوویلی : شدید بارش کے دوران دریا عبور کرنے کی خاطر بنایا گیا پُل ناقص تعمیراتی مواد کے استعمال کے باعث افتتاحی تقریب میں ہی ٹوٹ گیا۔ یہ واقعہ افریقہ کی ریاست ڈیموکریٹک ری پبلک کانگو کا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو کر حکام کے تمسخر کا باعث بن رہی ہے۔دریا عبور کرنے کے لیے پُل کی تعمیر سے قبل اسی جگہ لکڑیوں سے بنا ایک عارضی پل تھا جو اکثر و بیشتر ٹوٹ جاتا تھا، عوام کو اس پریشانی سے نجات دلانے کی خاطر مضبوط پل کی تعمیر کی گئی تھی۔افریقی صحافی کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حکام پُل کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اس پل کے اوپر کھڑے ہیں، جو فیتہ کاٹتے ہی ٹوٹ جاتا ہے اور حکام لڑکھڑا جاتے ہیں۔ ایک صارف نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر اس پُل کی تعمیراتی لاگت لاکھوں ڈالرز میں ہو تو حیران ہونے کی ضرورت نہیں ہے، یہ پیسے عوام کی جیب سے ہی گئے ہیں۔جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ یوں لگ رہا ہے جیسے فیتے نے ہی اس پل کو سنبھال کر رکھا ہوا تھا۔