افریقی یونین نے فوجی بغاوت کے سبب مالی کی رکنیت معطل کر دی

   

Ferty9 Clinic

بماکو:افریقی یونین کا کہنا ہے کہ جب تک آئینی حکومت بحال نہیں ہوتی اس وقت تک مالی کی رکنیت معطل رہے گی۔ یونین نے یہ فیصلہ فوجی سربراہ اسیمی غویتا کے اقتدار پر قبضہ کرنے کے تناظر میں کیا ہے۔ افریقی یونین نے یکم جون منگل کی دیر رات کو اپنے ایک اہم فیصلے میں مغربی افریقی ملک مالی کی رکنیت معطل کر دی۔ چند روز قبل ہی فوج نے عبوری وزیر اعظم اور صدر کو حراست میں لے کر اقتدار پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور اسی تناظر میں یونین نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ افریقی یونین نے مالیات سے متعلق مغربی افریقی تنظیم ‘اکنومک کمیونٹی آف ویسٹ افریقن اسٹیٹس’ (ای سی او ڈبلیو اے ایس) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس بات کی بھی دھمکی دی ہے کہ اگر سویلین عبوری حکومت کو اقتدار واپس نہ سونپا گیا تو مالی پر مزید پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔تنظیم کی پیس اینڈ سکیورٹی کونسل نے اپنے اہم فیصلے سے متعلق منگل کی شام کو جو بیان جاری کیا اس میں کہا گیا ہے کہ مالی جمہوریہ کو افریقی یونین کی کسی بھی سرگرمی میں شرکت کرنے یا اس میں حصہ لینے سے فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔