گورکھپور: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کو انتہائی سنجیدگی، حساسیت اور توجہ کے ساتھ سنیں اور انہیں فوری طور پر حل کریں تاکہ کسی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ یوگی نے منگل کی صبح گورکھ ناتھ مندر میں عوامی درشن پروگرام کے دوران تقریباً 200 لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں فوری طور پر نمٹانے کے لئے افسران کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کو حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ پہنچنا چاہئے ۔ جن لوگوں کو اپنے علاج کے لیے حکومت سے مالی امداد کی ضرورت ہے ، ان کے تخمینہ کا عمل جلد مکمل کیا جائے ۔ اگر کوئی زمین پر قبضہ کر رہا ہے یا غنڈہ گردی کر رہا ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر مظلوم کا مسئلہ اطمینان بخش طریقے پر اور غیر جانبداری سے حل ہو۔ وزیراعلی نے سب کو یقین دلایا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ ہر ایک درخواست کو متعلقہ حکام کو ریفر کرنے کے ساتھ ساتھ فوری اور تسلی بخش انصاف دلانے کی ہدایات دیتے ہوئے لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت ہر متاثرہ کا مسئلہ حل کرے گی۔کئی لوگ جنتا درشن میں وزیر اعلیٰ کے سامنے علاج کے لیے مالی مدد کی درخواستیں لے کر پہنچے تھے ۔ مسٹر یوگی نے پہلے ان سے آیوشمان کارڈ کے بارے میں پوچھا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت علاج کے لیے پوری مدد فراہم کرے گی۔شکایت کنندگان کی درخواستیں افسران کو سونپتے ہوئے وزیراعلی نے ہدایت دی کہ علاج سے متعلق تخمینہ لگانے کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرکے حکومت کو دستیاب کرایا جائے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ آیوشمان کارڈ ہر ضرورت مند کے لیے بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ریونیو اور پولیس سے متعلق معاملات کو مکمل شفافیت اور منصفانہ طریقہ سے حل کرنے کی بھی ہدایات دیں۔