افغانستان :دو حملوں میں 12جنگجو، 6 شہری ہلاک

   

کابل13جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ کے ضلع شولگرا میں ہفتے کے روز فوج نے طالبانی جنگجوؤں کے قافلے کو نشانہ بنا کر حملہ کیا جس میں 12 جنگجو مارے گئے ۔ افغانی فوج کے ترجمان محمد حنیف رضائی نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔مسٹر رضائی نے بتایا کہ طالبانی جنگجوؤں سے متعلق موصولہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ہفتہ کی شام ضلع زری کی جانب جا رہے طالبانی جنگجوؤں کے قافلے پر حملہ کیا گیا، جس میں ضلع کے گورنر قاری قدر اللہ سمیت 12 جنگجو مارے گئے ۔چین کی خبررساں ایجنسی ژنہوا نے ایک افسر کے حوالے سے بتایا کہ حملے کے وقت جنگجو موٹر سائیکل سے جا رہے تھے اور حملے میں سبھی 12 موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں۔ طالبانی جنگجوؤں نے ابھی تک اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔ہرات 13جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے مغربی صوبے ہرات کے دارالحکومت ہرات سٹی میں طالبان جنگجوؤں نے سنیچر کی رات ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کر دیا جس میں ایک جنگجو سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ۔صوبائی حکومت کے ترجمان جیلاني فرہاد نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ تین جنگجوؤں نے شہر کے پلِ رنگینا علاقے میں واقع پولیس اسٹیشن پر سنیچر کی رات حملہ کردیا۔ اس حملے میں تین پولیس افسر، ایک بچے سمیت دو شہری ہلاک ہو گئے ۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک جنگجو بھی مارا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ خصوصی مہم کے دستے نے جنگجوؤں کے کار بم کو ناکام بنادیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں ملوث دو جنگجو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔طالبانی جنگجو گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری لی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے اسلامک اسٹیٹ اور طالبانی جنگجوؤں کے حملے میں اضافہ ہوا ہے ۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گذشتہ 24 دسمبر کو ہونے والے جنگجوؤں کے حملے میں 47 سرکاری ملازمین اور سیاح مارے گئے تھے اور 27 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔