کابل : برطانیہ کے نشریاتی ادارے بی بی سی نے اعلان کیا ہے کہ اس کے پشتو، فارسی اور ازبک زبان کے نیوز بلیٹنز کو افغانستان میں نشر ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ وائس آف امریکہ کو بھی وقتی طور پر نشریات روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔برطانیہ کے قومی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت نے بی بی سی کے نیوز بلیٹن کو نشر نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ بی بی سی نے 27 مارچ کو یہ اعلان کرتے ہوئے کہاکہ غیر یقینی صورتحال اور ہنگامہ خیز حالات کے دوران یہ افغانستان کے لوگوں کے لیے ایک تشویشناک پیشرفت ہے۔بی بی سی ورلڈ سروس میں شعبہ لینگوئجز کے سربراہ طارق کفالہ کا کہنا ہے کہ 60 لاکھ سے زیادہ افغان بی بی سی کی،آزاد اور غیر جانبدارانہ صحافت” کا استعمال کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت اہم بات ہے کہ انہیں اس رسائی سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے۔