افغانستان میں طالبان کمانڈر سمیت 8انتہا پسند ہلاک

   

کابل:مغربی افغانستان میں صوبہ غور کے ضلع شہرک میں جھڑپ کے دوران ایک طالبان کمانڈر سمیت 8 انتہاپسند ہلاک ہوگئے ۔افغان فوج نے ایک بیان جاری کرکے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ بیان کے مطابق ملا خاکسار کی سربراہی میں طالبان جنگجوؤں کے ایک گروپ نے اتوار کی صبح سویرے ضلع شہرک کے خارستان علاقے میں سکیورٹی فورس کی چوکی پر حملہ کیا۔ اس کے بعد سکیورٹی فورس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملا خاکسار سمیت 8 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔ فوج کی کارروائی کی وجہ سے باقی حملہ آور وہاں سے فرار ہوگئے ۔فوج کا کہنا تھا کہ ملا خاکسار کی ہلاکت کی وجہ سے صوبہ غور میں طالبان کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے ۔اس سلسلے میں طالبان کی طرف سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیاہے ۔