افغانستان میں مغربی فوجی نہیں بلکہ اقدار کو شکست ہوئی

   

بروسلز ۔ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ افغانستان میں مغربی فوجی نہیں بلکہ مغربی اقدار کو شکست ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپین کونسل کے موجودہ صدر ملک سلووینیا میں یورپین وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان میں طالبان کے ساتھ مستقبل کے تعلقات کے علاوہ نئے علاقائی منظر نامے پر بھی توجہ دینا ہوگی، ہمیں چین، روس،ترکی، پاکستان اور بھارت کے نئے کردار پر غور کرنا ہوگا، ہمیں وسطی ایشیا پر زیادہ توجہ دینا ہوگی، ہمیں پورے خطے کے ساتھ ملکر کام کرنا ہوگا۔دوسری جانب افغانستان کے مسئلے پر منعقد ہونے والے اس خصوصی اجلاس میں بھارت کے وزیر خارجہ بھی شریک ہو رہے ہیں۔اس سے ایک دن قبل یورپین کمیشن کی مڈڈے بریفنگ میں جنگ اور جیو کی جانب سے یہ سوال اٹھا جا چکا ہے کہ کیا یورپین یونین کا یہ اقدام پاکستان کو مشتعل کرنے کے مترادف نہیں کیونکہ بھارت کی افغانستان سے کوئی سرحد نہیں ملتی۔