افغان شہر غزنی میں طالبان خودکش دھماکہ 12 ہلاک

,

   

۔179 زخمی، انٹلی جینس یونٹ انتہاء پسندوں کے حملے کا اصل نشانہ
غزنی /7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مشرقی افغانستان میں اتوار کو طالبان کے ایک کار بم دھماکہ میں کم سے کم 12 افراد ہلاک اور دیگر 179 زخمی ہوگئے ۔ یہ خوفناک دھماکہ ایک ایسے وقت ہوا جب قطر میں طالبان کے ساتھ افغان امن مذاکرات کا آغاز ہوا ہے ۔ طالبان کے نمائندے امریکی مذاکرات کاروں اور افغان عہدیداروں کے ساتھ دوحہ میں بات چیت کر رہے ہیں تاکہ افغانستان میں گذشتہ 18 سال سے جاری خانہ جنگی کو ختم کیا جائے لیکن تقریب کاروں کا تشدد اور امریکی فوج کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں ۔ مشرقی شہر غزنی میں اتوار کو ہوئے خودکش کار بم دھماکہ میں انٹلی جنس یونٹ کو نشانہ بنایا گیا ۔ غزنی کے صوبائی گورنر عارف نوری نے یہ اعلان کیا جبکہ وزارت صحت کے ترجمان وحید اللہ مائر نے کہا کہ 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔اس کے علاوہ 179 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثر عام شہریوں کے علاوہ کمسن بچے شامل ہے ۔ زخمیوں کی تعداد ابتداء میں 70 بتائی گئی تھی جو کچھ ہی دیر میں 179 تک پہونچ گئی جس سے ہلاکت خیز دھماکوں کی تباہ کاریوں کا اندازہ کیا جاسکتا ہے ۔ طالبان نے ایک واٹس اپ میسیج کے ذریعہ ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ امریکہ اور طالبات ایک ایسے معاہدہ کی تیاری کیلئے ساتویں مرحلے کے مذاکرات میں مصروف ہیں جس ( سمجھوتہ ) کی تکمیل کی صورت میں مختلف امن ضمانتوں کے بدلے امریکی فوج افغانستان کا تخلیہ کردیں گے ۔ دونوں فریقوں نے مذاکرات میں کافی پہل کی ہے جو اتوار اور پیر کو روک دئے گئے اس دوران طالبان نے نام نہاد بین افغان مذاکرات کیلئے افغان نمائندوں سے ملاقات کی ۔