افغان صورتحال پر 16 نومبر کو کانفرنس، طالبان مدعو نہیں

   

ماسکو : روس نے چہارشنبہ کو کہا ہے کہ وہ افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے لیے 16 نومبر کو ہونے والے کثیر الجہتی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ افغانستان پر مشاورت کے ’ماسکو فارمیٹ‘ نامی اس جلاس میں،افغانستان کے لیے چین، ہندوستان، پاکستان، قازقستان، ایران، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے خصوصی سفیروں کی شرکت متوقع ہے۔ اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کے نامہ نگار ایاز گل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ روسی عہدہ داروں نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان کی اسلام پسند طالبان حکومت مذاکرات میں شرکت نہیں کرے گی، حالانکہ اس نے اکتوبر 2021 میں ماسکو فارمیٹ کے آخری اجلاس میں شرکت کی تھی۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے منگل کو کہا کہ ان کی حکومت روس کے دارالحکومت میں منصوبہ بندی کے بعد طالبان اور دیگر افغان سیاسی قوتوں دونوں کے لیے ایک تفصیلی بریفنگ دے گی۔ وہ سابق افغان حکومتی عہدیداروں اور سیاسی شخصیات کا حوالہ دے رہے تھے جو طالبان کے قبضے کے بعد انتقامی کارروائیوں کے خوف سے ملک چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔