افغان عوام کو ہنگامی امداد کی ضرورت : گوٹیرس

   

نیویارک : افغانستان کو لاحق سنگین انسانی اور اقتصادی بحران پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ امریکی فورسز کے افغانستان سے انخلا اور طالبان کے کنٹرول کے بعد اس جنگ زدہ ملک میں ایک ’خوفناک انسانی بحران‘ کا شدید خطرہ ہے۔ ایک بیان میں گوٹیرس نے عالمی برادری سے افغان عوام کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ افغان بچوں، خواتین اور مردوں کو بین الاقوامی برادری کی طرف سے تعاون اور حمایت کی جتنی ضرورت آج ہے، اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔ اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کے مطابق اس عالمی ادارے کی طرف سے افغانستان کے لیے 1.3ارب ڈالر کی مالی امداد کی اپیل کے بعد اب تک صرف 39 فیصد رقوم ہی حاصل ہو سکی ہیں۔